اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہےکہ اسلام آباد سمیت پورے ملک میں بڑے بڑے قبضہ گروپ ہیں جب کہ بہت سے سرکاری محکمے حکومت کو اپنی زمین سے متعلق معلومات نہیں دے رہےتھے۔



اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں ایک کروڑ گھروں کی کمی ہے اور 50 لاکھ گھروں کا ہدف انتہائی مشکل چیلنج ہے، ہماری ٹاسک فورس بڑی محنت سے کام کررہی ہیں اور یہ ٹاسک فورس میرے ماتحت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ اسکیموں میں نجی سیکٹر کو کام کرنا چاہیے، جب ہاؤسنگ شروع ہوتی ہے تو اس سے جڑی چالیس انڈسٹریز بھی شروع ہوجاتی ہیں، ہاؤسنگ اسکیم سے چالیس صنعتوں کو فائدہ ہوگا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ملک ایلیٹ کلاس کا بن چکا ہے، غریبوں کو اوپر لائے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا، اسلام آباد میں غریبوں کے لیے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی، ہم ہاؤسنگ اسکیم میں کچے آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کے لیے پوری منصوبہ بندی کررہے ہیں، ہم نے کثیرالمنزلہ عمارت بنانی ہیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ سرکاری محکموں میں بہت زمینیں ہیں، اسلام آباد میں ہی 500 ارب روپے کی زمین واگزار کراچکے ہیں، اسلام آباد سمیت پورے ملک میں بڑے بڑے قبضہ گروپ ہیں، سرکاری محکموں سے زمینوں سے متعلق معلومات لیں، بہت سے سرکاری محکمے حکومت کو اپنی زمین سے متعلق معلومات نہیں دے رہےتھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ اسکیم نچلے طبقے کے لیے ہے، ورلڈ بینک نے ہاؤسنگ پروگرام میں ہماری سپورٹ کرنے کا کہاہے، چین اور ملائیشیا کی کمپنیوں نے ہاؤسنگ اسکیم میں کام کرنےکی دلچسپی ظاہر کی ہے، حکومت نے گھروں کی تعمیر نہیں کرنی، حکومت نے نجی سیکٹر کو آسانی فراہم کرنی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ٹیکس ہم نہیں دیتے لیکن خیرات سب سے زیادہ دیتے ہیں، حکومت پر بھروسہ نہیں ہوتا لوگ اس وجہ سے ٹیکس نہیں دیتے۔

YOUR REACTION?



Facebook Conversations



Disqus Conversations