اچھی فیس بک پوسٹس لکھنے کے لیے بھی یونیورسٹی کورس

یقیناً آپ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک تو استعمال کرتے ہوں گے مگر اس میں بہترین پوسٹس کرنے کا ہنر آپ کے اندر ہے؟

اگر نہیں تو اب ایسا سیکھنا بالکل ممکن ہے کیونکہ ایک یونیورسٹی میں دلچسپ فیس بک پوسٹس کا ماہر بنانے کے لیے کورس کا آغاز ہونے والا ہے۔

جی ہاں واقعی ایک بھارتی یونیورسٹی میں طالبعلموں کو سوشل میڈیا میں لوگوں کو اپنی جانب کھینچنے کے لیے ماہر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دہلی یونیورسٹی (ڈی یو) کے انگلش ڈیپارٹمنٹ نے اس نئے اور دلچسپ کورس کی تجویز پیش کی ہے جس میں طالبعلموں کو اچھی فیس بک پوسٹس تحریر کرنا سیکھایا جائے گا۔

اسی طرح کورس میں لوگوں کو بلاگ لکھنے اور کور لیٹرز وغیرہ کے لیے بھی تیار کیا جائے گا۔

اس کورس کی تجویز کا مسودہ تیار کرنے کے لیے ڈی یو کے انگلش ڈیپارٹمنٹ کو دو سال کا عرصہ لگا جس پر اب یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے غور کیا جارہا ہے۔

یونیورسٹی کے خیال میں سوشل میڈیا آج کے دور میں کاروبار یا عملی زندگی میں کامیابی کے لیے بہت ضروری ہے جس سے لوگوں کو اپنی مصنوعات کی جانب کھینچا جاسکتا ہے یا ویب ٹریفک بڑھائی جاسکتی ہے۔

مگر اب تک دنیا کی کسی یونیورسٹی میں سوشل میڈیا کا ماہر بنانے کا کورس متعارف نہیں کرایا گیا تھا اور دہلی یونیورسٹی اس حوالے سے سب سے بازی لے جانے والی ہے۔

اس کورس کا مقصد بہت سادہ ہے اور وہ یہ ہے کہ نوجوانوں کو فیس بک پوسٹس کا ماہر بنایا جائے۔

خیال رہے کہ 20 کروڑ سے زائد صارفین کے ساتھ بھارت فیس بک کی دوسری بڑی مارکیٹ ہے اور مارک زکربرگ اس ملک کے کروڑوں افراد کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کررہے ہیں۔