بلاول بھٹو کی درخواست میں محکمہ داخلہ سے نوازشریف سے ملاقات کے لیے اجازت مانگی گئی ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہےکہ بلاول بھٹو آج ہی نوازشریف سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں، پی پی چیئرمین کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے صحت سے متعلق دریافت کریں گے۔
درخواست کے مطابق ملاقات کی اجازت ملنے کی صورت میں پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ، مصطفیٰ نواز کھوکھر اور جمیل سومرو بھی بلاول کے ہمراہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ بلاول بھٹو زرداری کو آج ایک پارٹی رہنما کی صاحبزادی کی شادی کی تقریب میں شرکت کرنا ہے اسی لیے وہ کل شام سے لاہور میں موجود ہیں اور لاہور میں موجودگی کے باعث وہ نوازشریف سے آج ہی ملاقات کے خواہش مند ہیں۔
واضح رہےکہ بلاول بھٹو زرداری نے اس سے قبل بھی نوازشریف کی صحت سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا تھا اور حکومت سے انہیں صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔