یومِ پاکستان پر ملک بھر میں تقریبات، اسلام آباد میں شاندار پریڈ، دفاعی سامان کی نمائش

اسلام آباد: ملک بھر میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے اور اس مناسبت سے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ کی گئی جب کہ دفاعی ساز و سامان کی نمائش بھی کی گئی۔

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی پریڈ میں پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ چین، سعودی عرب اور آذربائیجان کے دستے اور ہواز باز بھی شریک ہوئے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد، وزیراعظم عمران خان اور صدرِ مملکت عارف علوی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جب کہ غیر ملکی مہمان بحرین کی نیشنل گارڈ کے سربراہ اور آذربائیجان کے وزیر دفاع بھی تقریب میں شریک تھے۔

اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس، تینوں سروسز چیف، حکومتی شخصیات، غیر ملکی سفراء اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے مرکزی تقریب میں شرکت کی۔

دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی

یومِ پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح کے آغاز پر31 توپوں کی سلامی دی گئی جب کہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی

اس کے علاوہ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں یومِ پاکستان کی مناسبت سے تقریبات جاری ہیں۔

لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں پاک فضائیہ کےچاق و چوبند دستے نےگارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

بیس کمانڈر لاہور ائیر کموڈور سیدصباحت حسن  نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

گورنر ہاؤس پشاور میں یومِ پاکستان کی تقریب ہوئی جس میں گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان مہمانِ خصوصی تھے، تقریب میں مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو ایوارڈز دیے گئے۔

لوئر دیر میں یومِ پاکستان پر ڈی سی سیکریٹریٹ بلامبٹ پر پرچم کشائی کی گئی۔

گوادر میں یومِ پاکستان کی مناسب سے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں پاک فوج، نیوی اور سول افسران نے شرکت کی جب کہ سینیٹر کہدہ بابر نے قوم پرچم کشائی کی۔

جب کہ ایف سی ہیڈ کوارٹر کوہلو میں بھی تقرب ہوئی جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کاپیغام پڑھ کرسنایاگیا۔