وزیراعلیٰ پنجاب سے کور کمانڈر لاہور کی ملاقات

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل صادق علی نے ملاقات کی،جس میں آپریشن ’ردالفساد‘ کے تحت جاری کارروائیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔


وزیر اعلیٰ پنجاب اورکورکمانڈر لاہور نے دہشت گردی، انتہاپسندی، عسکریت پسندی اور فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا اس موقع پر کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے، پاکستان یہ جنگ جیت رہا ہے، عظیم اور لازوال قربانیوں کے باعث پاکستان میں امن بحال ہوا ہے ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’آپریشن ردالفساد‘ سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ناسور کا مکمل خاتمہ ہو گا اور پائیدار امن قائم ہو گا۔