آرمی چیف کا منگلا میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررزم سینٹر کا دورہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگلا کے قریب پبی میں واقع نیشنل کاؤنٹر ٹیرر ازم سینٹر کا دورہ کیا اور غیر ملکی ٹیموں سے ملاقات کی ۔


آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے دوسرےپاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلوں میں حصہ لینے والی 10غیرملکی فوجی ٹیموں سے ملاقات کی، غیرملکی ٹیموں میں چین، انڈونیشیا، اردن، ملائیشیا، مالدیپ شامل ہیں۔

اس موقع پر جنرل قمر باجوہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے پوری دنیا متاثر ہورہی ہے، دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے، پاکستان نے عالمی امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا نے پاکستان کے کردار کو تسلیم کیا ہے، پاکستان کو تنہا کرنے کا دعویٰ کرنے والے دیکھ لیں کہ عالمی برادری پاکستان کے ساتھ ہے،عالمی دوست ہمیں اہمیت دیتے ہیں۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف اجتماعی ردعمل کی حکمت عملی کی ضرورت ہے،پاکستان امن پسند ملک ہے، غیرملکی ٹیموں کی یہاں موجودگی ہماری کوششوں کو تسلیم کیے جانے کا ثبوت ہے۔