قوالی کو دنیا میں عام کرنے والے’ غلام فرید صابری

فن قوالی کو دنیا بھر میں عام کرنے والے غلام فرید صابری کی 23 ویں برسی منائی جا رہی ہے، ان کے انداز قوالی کو آج بھی بہت پسند کیا جا تا ہے ۔


’تاجدار حرم‘ اور’ بھردو جھولی‘ جیسی مقبول ترین قوالیوں کو گانے والے فرید صابری نہ صرف پاکستان کے مقبول ترین قوال تھے بلکہ دنیا بھر میں قوالی کے کروڑوں مداحوں کے دلوں پر راج کرتے تھے۔

غلام فرید صابری 1930 میں ہندوستان کے صوبے مشرقی پنجاب میں پیدا ہوئے، وہ قیام پاکستان کے بعد پاکستان آگئے اور اپنے بھائی مقبول صابری کے ساتھ قوال پارٹی تشکیل دی ،ان کا پہلا البم 1958 میں ریلیز ہوا،جس کی قوالی’میرا کوئی نہیں تیرے سوا‘ نے مقبولیت کی تمام حدیں توڑ دیں۔

انہوں نے 1946 میںپہلی مرتبہ مبارک شاہ کے عرس پر ہزاروں لوگوں کے سامنے قوالی گائی،وہ اپنے بھائی مقبول صابری کے ساتھ مل کر قوالی گایا کرتے تھے۔

انہوں نے اردو کے علاوہ پنجابی، سرائیکی اور سندھی زبان میں بھی قوالیاں گائیں، ان کی قوالیوں کو متعدد فلموں میں بھی استعمال کیا گیا ۔

غلام فرید صابری 5 اپریل 1994 کو کراچی میں کو دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔