اے ٹی ایم سے چوری کرنے والا ملزم پولیس حراست میں انتقال کرگیا
دو روز قبل رحیم یار خان میں اے ٹی ایم مشین میں واردات کی کوشش کی لیکن عملے نے سی سی ٹی وی میں ملزم کو پہچان کر پولیس کو اطلاع کر دی جس پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔
تاہم چوری کے دوران ملزم نے کیمرے میں دیکھ کر منہ چڑایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز ملزم صلاح الدین کی اچانک طبیعت خراب ہوئی اور حوالات میں عجیب حرکتیں کرنے لگا جس پر اسے اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس حکام نے دعویٰ کیا کہ ملزم طبیعت خراب ہونے کے باعث اسپتال میں انتقال کر گیا۔
ڈی پی او عمر سلامت نے واقعے کانوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
پولیس کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد شیخ اسپتال کے مردہ خانہ منتقل کردیا گیا جب کہ رپورٹ کے بعد موت کی وجہ معلوم ہوسکے گی۔