پنجاب میں مفت انٹرنیٹ سروس کا آغاز

پنجاب حکومت نے صوبے کے پانچ شہروں میں 200 مقامات پر مفت انٹرنیٹ سروس (وائی فائی ہاٹ اسپاٹ) کا آغاز کردیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ارفع کریم سوفٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک لاہور میں ایک تقریب کے دوران لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور مری میں مفت انٹرنیٹ سروس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔

انھوں نے اس سروس کو صوبے کی ڈیجیٹیل دنیا کی جانب ایک قدم قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کی خاطر پٹواریوں کے پرانے نظام کو لینڈ ریکارڈ انفارمیشن منیجمنٹ سسٹم میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ 'ورلڈ بینک کے تعاون سے شروع کیے گئے پروجیکٹ کا سہرا پنجاب حکومت کی ٹیم کو جاتا ہے'۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تمام پولیس اسٹیشنز کو کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے اور ایف آئی آر کے اندراج کے مشکل نظام کو ختم کرکے کاغذات سے مبرا کردیا گیا ہے۔