گلیکسی ایس ایٹ کا ایک اور مسئلہ سامنے آگیا

سام سنگ کی جانب سے جب سے فلیگ شپ فونز گلیکسی ایس ایٹ اور ایس ایٹ پلس کو متعارف کرایا گیا ہے، ان ڈیوائسز میں کئی مسائل سامنے آچکے ہیں، سرخ اسکرینوں سے لے کر بیکسبی ہوم بٹن تک۔

مگر اب سیکڑوں صارفین نے شکایت کی ہے کہ ان کے فونز خودبخود لگاتار ری اسٹارٹ ہوتے رہتے ہیں۔

یہ مسئلہ سب سے پہلے سام سنگ کی کمیونٹی ویب سائٹ میں سامنے آیا جس میں لوگوں نے اس حوالے سے شکایات درج کرائیں۔

صارفین کا کہنا تھا کہ ویسے تو ایس ایٹ صحیح طرح کام کررہا ہے مگر وہ خودکار طور پر بار بار ری اسٹارٹ ہوجاتا ہے۔

ان کے بقول ایسا اس وقت ہوتا ہے جب ہم کسی ایپ جیسے کیمرہ یا سام سنگ تھیمز کو استعمال کرتے ہیں جس کے دوران ایپ اچانک جام ہوجاتی ہے جبکہ اسکرین بند ہوجاتی ہے جس کے چند سیکنڈ بعد فون ری اسٹارٹ ہوجاتا ہے۔

اس حوالے سے اب تک 180 سے زائد افراد اپنی شکایت ویب سائٹ پر درج کرچکے ہیں۔

سام سنگ نے اس حوالے سے ابھی کوئی بات نہیں کی اور نہ ہی اس کے حل کے بارے میں کوئی بیان سامنے آیا ہے۔

اس سے قبل ان فونز میں اسکرین اچانک سرخ ہونے کی شکایت سامنے آئی تھی جس کے بعد سام سنگ کی جانب سے ایک سافٹ وئیر اپ ڈیٹ کے ذریعے اس مسئلے پر قابو پایا گیا۔

سام سنگ کا کہنا تھا کہ یہ ہارڈوئیر کا مسئلہ نہیں بلکہ صارفین کو مینوئلی رنگوں کو ایڈجسٹ کرنا ہے تاہم کلر ایڈجسٹ کرنے کے لیے سافٹ وئیر پیچ ریلیز کیا گیا تھا۔

اسی طرح یوائسز کی مرمت کرنے والی ایک کمپنی اسکوائر ٹریڈ کی جانب سے مختلف ٹیسٹوں کے بعد دعویٰ کیا گیا تھا کہ گلیکسی ایس ایٹ اور ایس ایٹ پلس کا آل گلاس ڈیزائن ان ڈیوائسز کو خوبصورت تو بناتا ہے مگر کمپنی کے مطابق ' وہ کسی بھی زاویے سے گرنے پر بہت جلد ٹوٹ بھی سکتا ہے'۔