اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر ہونے والی شان رمضان نشریات جنید جمشید اور وسیم بادامی کی میزبانی میں چلتی تھی تاہم ان کی ناگہانی موت کے بعد لوگوں کے ذہنوں میں سوال تھا کہ اس سال جنید جمشید کی جگہ کون اس نشریات کی میزبانی کرے گا۔
اب اے آر وائی نے اس کا جواب اپنے فیس بک پیج پر پوسٹ کی جانے والی ویڈیو کے ذریعے دیا ہے۔
اور ہوسکتا ہے آپ کو یقین نہ آئے کہ جنید جمشید کی جگہ کس معروف شخصیت کو لیا جارہا ہے، وہ کوئی اور نہیں سابق اسٹار کرکٹر شاہد آفریدی ہیں۔
یہ پہلی بار ہوگا کہ شاہد آفریدی کسی ٹی وی پروگرام کی میزبانی کرتے نظر آئیں گے اور وہ بھی لائیو نشریات کی۔
اے آر وائی کے مطابق اس بار اس نشریات کا نام شان پاکستان ہوگا جس کی میزبانی وسیم بادامی کے ساتھ اقرار الحسن اور شاہد آفریدی کریں گے۔
یہ نشریات یکم رمضان کی رات سے شروع ہوگی جو کہ سحر اور افطار کے وقت نشر کی جائے گی۔
اب یہ دیکھنا ہوگا کہ شاہد آفریدی کرکٹ کے بعد میزبانی کی دنیا میں اپنے پرستاروں کو کس حد تک مطمئن کر پاتے ہیں۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی نے کرکٹ کے میدان کو خیرباد کہہ دیا ہے جبکہ گزشتہ دنوں انہوں نے پی سی بی کی جانب سے فیئرویل میچ کی پیشکش کو بھی 'ذاتی مصروفیات' کی بناءپر مسترد کردیا تھا۔