ٹوئٹر کا لائیو نیوز چینل شروع کرنے کا فیصلہ

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنے پلیٹ فارم پر پہلا براہ راست نیوز ٹی وی چینل شروع کرنے کے لیے شراکت دار ڈھونڈ لیا اور اس مقصد کو پورا کرنے کے لیے بلوم برگ سے معاہدہ متوقع ہے۔

امریکی جریدے وال اسٹریٹ جنرل کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹوئٹر اور بلوم برگ جلد اس ممکنہ اقدام کا باضابطہ اعلان کریں گے، یہ ٹی وی چینلز 244 گھنٹے ہفتے کے ساتوں دن خبریں نشر کرے گا تاہم اس چینل کا نام اب تک سامنے نہیں آیا ہے۔

البتہ امید کی جارہی ہے کہ یہ چینل رواں سال موسم خزاں میں اپنی نشریات شروع کردے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس اکتوبر میں ٹوئٹر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جیک ڈورسے نے کہا تھا کہ ان کی کمپنی کا مقصد لوگوں کا نیوز نیٹ ورک بننا ہے۔

ٹوئٹر پہلے ہی موبائل ایپ کی مدد سے نیوز اور کھیلوں کی دنیا میں داخل ہو چکا ہے جو میڈیا کمپنیوں کی توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔

اکثر ٹوئٹر کے صارفین جو واقعہ ٹی وی پر دیکھتے ہیں اسے ٹوئٹر پر شئیر کرنے کی کوشش کرتے ہیں، اگر ٹی وی چینل کی سہولیات ٹوئٹر پر ہی موجود ہوں گی تو اسے شیئر کرنے کے لیے زیادہ محنت کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

اس معاہدے کے بعد بلوم برگ ٹوئٹر ٹیلی ویژن کے لیے خاص طور پر خبریں تیار کرے گا اور ٹوئٹر کو فراہم کرے گا۔

بلوم برگ دنیا بھر میں موجود اپنے مختلف بیوروز سے ٹوئٹر کے لیے بھی لائیو نیوز کوریج فراہم کرے گا، اس کے علاوہ اس چینل پر ٹوئٹر کے صارفین کی جانب سے بنائی گئی مصدقہ رپورٹس بھی نشر کی جاسکیں گی۔

ٹوئٹر حکام کا ماننا ہے کہ جن لوگوں کے پاس ٹیلی وژن کی سہولت میسر نہیں یا پھر کسی وجہ سے یہ لوگ صرف موبائل تک محدود ہیں تو ان لوگوں کی موبائل کے ذریعے ٹیلی وژن تک رسائی ممکن ہوجائے گی۔