گوگل کا ’اسنیپ چیٹ‘ کو مات دینے کا منصوبہ

انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کی بادشاہ کمپنی ’گوگل‘ نے سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن ’اسنیپ چیٹ‘ کو خبروں کے شعبے میں مات دینے کے لیے منصوبہ تیار کرلیا۔

گوگل نے بھی اسنیپ چیٹ کی طرح اپنا نیا نیوزسسٹم تیار کرکے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو مصروف رکھنے کی منصوبہ بندی کرلی۔

اسنیپ چیٹ ’ڈسکور‘ نامی فیچر کے ذریعے صارفین کو نیوز تلاش کرنے اور حالات حاضرہ سے باخبر رہنے کی سہولت فراہم کرتا ہے، اب گوگل بھی اسی طرح کا سسٹم تیار کرے گا، جسے آئندہ ہفتے متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔


گوگل سرچ کے بارے میں آپ یہ جانتے ہیں؟

وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی خبر میں بتایا کہ گوگل کے اس نئے منصوبے پر کام کرنے والے انتہائی قریبی افراد نے بتایا کہ کمپنی ’اسٹمپ‘ نامی نئے نیوز سسٹم پر کام کر رہی ہے، جسے آئندہ ہفتے تک ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

گوگل کے اس نئے ’اسٹمپ‘ نامی سسٹم کو ممکنہ طور پر سرچ انجن سمیت گوگل کے دیگر سسٹمز سے بھی منسلک کیا جائے گا، جب کہ اسے ایک ایپلی کیشن کے طور پر فوری استعمال کرنے کے لیے پیش کیا جائے گا۔

اطلاعات کے مطابق گوگل اسٹمپ نامی سسٹم کو معروف عالمی نشریاتی اداروں کے اشتراک سے چلائے گا، ممکنہ طور پر اسٹمپ پر امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ ’ووکس میڈیا‘ ’مک‘ ’واشنگٹن پوسٹ‘ اور ’تائمز‘ جیسے اداروں کی خبریں، مضامین اور تبصرے پیش کیے جائیں گے۔


گوگل میپ راستے کی پینوراما تصاویر بھی فراہم کرے گا؟

ماہرین کے مطابق گوگل کا یہ نیا نیوز سسٹم اسنیپ چیٹ سمیت فیس بک، ٹوئٹر اور دیگر حریف کمپنیوں  کے نیوز فیڈ سسٹم سے زیادہ مقبول ہوسکتا ہے، کیوں کہ اسے جہاں عالمی نشریاتی اداروں کا اشتراک حاصل ہوگا، وہیں اسے سرچ انجن سے بھی منسلک کیا جائے گا۔

ممکنہ طور پر اسٹمپ کو اگست کے وسط تک متعارف کرایا جائے گا، تاہم نیوز سسٹم کو متعارف کرائے جانے میں تاخیر یا پہل بھی ہوسکتی ہے۔