گزشتہ روز شہباز شریف کی جانب سے این اے 249 کے نتائج کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرائی گئی تھی اور بعدازاں انہوں نے آج انتخابی نتائج کو سندھ ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کردیا۔
صدر مسلم لیگ (ن) کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ ووٹوں کی گنتی میں شدید بےقاعدگیاں ہوئی ہیں اور انہی بے ضابطگیوں کے باعث پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا کامیاب ہوئے ہیں لہذا ووٹوں کی دوبارہ گنتی کاحکم دیا جائے۔
سندھ ہائیکورٹ نے آج درخواست پر سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو این اے 249 کراچی سے پی ٹی آئی امیدوار فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا۔
دوسری جانب عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین سے 10 اگست تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔