شہزادی ڈیانا کے برقعے کا ڈیزائن نیلامی کے لیے تیار

شہزادی ڈیانا کے سنہ 1986 میں خلیجی ممالک کے دورے کے لیے تیار کیے جانے والے برقعے کا ایک ڈیزائن رواں ماہ امریکہ میں نیلام کیا جا رہا ہے۔

نیلام کی جانے والی دوسری چیزوں میں لباس کے ڈیزائن اور کپڑے کے نمونے بھی شامل ہیں۔

یہ اشیا شہزادی ڈیانا کے عروسی جوڑے کو ڈیزائن کرنے والی دکان ڈیوڈ اینڈ الیزبتھ امینوئلز سے حاصل کی گئی ہیں۔

شہزادی ڈیانا کے خلیجی ممالک کے دورے کے لیے لباس تیار کرنے کے سلسلے میں شہزادی ڈیانا کی مصاحبہ نے ایک خط میں لکھا: 'ہر حال میں حیا کا خیال کیا جانا ضروری ہے۔'

ڈیزائنر کے ایک فولڈر پر 'دورۂ خلیج سنہ 1986 کے دن اور شام کے ملبوسات کے ڈیزائن' رقم ہے۔

یہ کلیکشن نادر اشیا کو اکٹھا کرنے والے ایک نجی کلیکٹر کی جانب سے 30 ہزار ڈالر کی بنیادی رقم پر فروخت کیا جا رہا ہے۔

اس ذخیرے میں شہزادی ڈیانا کی مصاحبہ این بیک وتھ سمتھ کا الزابتھ ایمینوئل کے نام خط بھی شامل ہے جس میں شہزادی کے خلیجی ممالک کے دورے کے لیے ڈیزائن کی فرمائش کی گئی ہے۔

انھوں نے اس دورے کے لیے حیادار لباس کو لازمی قرار دیا ہے۔

شہزادی ڈیانا کی مصاحبہ کا ڈیزائنر کے نام خط

خیال رہے کہ انھیں اس دورے میں انھیں ’برقع نہیں پہننا پڑا تھا۔'

عشائیے میں وہ لمبی آستین والے لباس میں نظر آتی تھیں جو خصوصی طور پر اس دورے کے لیے تیار کیا گیا تھا۔