برازیل کے شہر ریو دی جنیرو میں قائم ملک کے قدیم ترین سائنسی ادارے نیشنل میوزیم میں شدید آگ بھڑک اٹھی ہے جو کبھی پرتگال کے شاہی خاندان کی رہائش گاہ ہوا کرتا تھا اور رواں سال کی ابتدا میں اس کی تعمیر کا 200 سالہ جشن منایا گیا تھا۔
عمارت میں لگنے والی آگ سے رات روشن رہی اور شہر ریو دی جنیرو میں دھوئيں کے بادل اٹھتے نظر آئے۔
آگ بجھانے والا عملہ تندہی کے ساتھ آگ پر قابو پانے میں لگا ہوا ہے تاکہ اس قومی وراثت کو کسی حد تک بچایا جا سکے۔
اس میوزیم کے قدرتی تاریخ کے ذخائر میں ڈائنوسار کی ہڈیاں اور ایک خاتون کا 12000 سال پرانا ڈھانچہ رکھا ہوا تھا۔ یہ ڈھانچہ امریکی بر اعظموں پر دریافت ہونے والا قدیم ترین ڈھانچہ تھا۔
آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی علم نہیں ہو سکا ہے۔ برازیل کے صدر مائیکل ٹیمر نے ایک ٹویٹ میں اسے برازیل کے تمام باشندوں کے لیے 'افسوسناک دن' قرار دیا ہے۔
ریو دی جنیرو کے باشندے اس عجائب گھر میں آگ لگنے پر صدمے میں ہیں جبکہ اس سے قبل میوزیم کے ملازمین نے فنڈ میں کٹوتی اور عمارت کی خستہ حالت پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔