تبدیلی سرکار نے ملک میں بجلی چوری روکنے کیلئے اسمارٹ میٹر متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ صارفین اپنی ضرورت کے مطابق ہر ماہ کارڈ لوڈ کریں گے پھر بجلی ملے گی، کارڈ ختم ہوتے ہی بجلی بند ہوجائے گی، پرانے بقایا جات ادا کرنے پر پری پیڈ میٹر فراہم کیا جائے گا۔
ای سی سی نے فیصلہ کیا ہے کہ مسلسل 3 ماہ بل نہ دینے پر متعلقہ فرد یا ادارے کی بجلی منقطع ہوگی، سرکاری و نجی افراد یا اداروں سے بھی کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
ای سی سی نے کے الیکٹرک کے شیئرز کی فروخت پر متعلقہ اداروں سے سفارشات طلب کرلیں، سفارشات کابینہ کمیٹی برائے نجکاری میں پیش کی جائیں گی۔
وزیر خزانہ اسد عمر کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بجلی کے تمام غیر قانونی کنکشن 3 ماہ میں ختم اور نادہندگان کیخلاف کارروائی کرنے کا بھی حتمی فیصلہ کیا گیا۔
ای سی سی نے کھاد کے کارخانے فوری طور چلانے اور توانائی شعبے کا فنانشل آڈٹ کرانے کا بھی حکم دیدیا، 3 کھاد پلانٹس فاطمہ فرٹیلائزر، ایگری ٹیک اور پاک عرب کو پوری استعداد پر چلانے کیلئے سبسڈی دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، گیس کی مد میں 50 فیصد سبسڈی آئندہ 4 ماہ کیلئے ہوگی، پیداواری صلاحیت سامنے آنے پر کھاد کی درآمد سے متعلق فیصلہ ہوگا۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے تمام ڈسکوز کا آپریشنل اینڈ فنانشل آڈٹ کرانے کا فیصلہ کیا، بلند ترین خسارے میں چلنے والی 4 کمپنیز کا آڈٹ ایک ماہ میں جبکہ توانائی کے پورے شعبے کا آڈٹ 2 ماہ کے اندر ہوگا۔
اجلاس میں لیگی دور میں غیر قانونی طور پر دیئے گئے گردشی قرضے کی ریکوری کی بھی منظوری دی گئی، وزیر خزانہ نے واضح کردیا کہ جو لوگ پیسے لے کر چلے گئے اب وہ نہیں بچیں گے۔