امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔

امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو ایک روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچیں گے، نائب معاون وزیرِ خارجہ برائے جنوبی ایشیا ایلس ویلز اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ بھی ان کے ہمراہ ہونگے۔

امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو آج سہ پہر اسلام آباد پہنچیں گے۔ ان کی وزیرِاعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ہم منصب شاہ محمود قریشی سے الگ الگ ملاقاتیں متوقع ہیں۔

 

سفارتی ذرائع کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ مائیک پومپیو کیساتھ ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات اور افغانستان سمیت خطے میں امن و امان کی صورت حال پر بات ہو گی۔ پاکستان امریکا سے کولیشن سپورٹ فند کی رقم روکے جانے کا معاملہ بھی اٹھائے گا۔

 

امریکی وفد سے وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوں گے۔ نائب معاون وزیرِ خارجہ برائے جنوبی ایشیا ایلس ویلز اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ بھی امریکی وزیرِ خارجہ کے ہمراہ ہونگے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو ایک روزہ دورہ مکمل کرنے کے  بعد رات کو بھارت روانہ ہو جائیں گے۔ مائیک پومپیو کے ہمراہ نئے امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد بھی ہونگے، جو اس سے قبل کابل میں بحیثیت امریکی سفیر فرائض انجام دے چکے ہیں۔

 

مائیک پومپیو امریکی فوج میں آفیسر اور سی آئی اے کے ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپریل 2018ء میں مائیک پومپیو کو سیکریٹری آف اسٹیٹ مقرر کیا تھا۔

 

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا تھا کہ مائیک پومپیو نے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس کے دوران انہوں نے پاکستان میں سرگرم تمام دہشت گردوں کے خلاف پاکستان کی جانب سے فیصلہ کن کارروائی کی اہمیت پر زور دیا۔

 

امریکا کا مزید کہنا تھا کہ افغان امن عمل کو بڑھاوا دینے میں پاکستان کا اہم کردارہے۔

 

تاہم پاکستان نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو سے متعلق جاری کردہ امریکی بیان کو حقائق کے منافی قرار دےکر مسترد کردیا تھا۔