اس سلسلے میں سب سے پہلے فیس بک پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے منسوب ایک جعلی پیج پر پوسٹ کیا گیا کہ امریکی نژاد پاکستانی ارب پتی شاہد خان نے ڈیم فنڈ میں 10 ملین ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے۔
تاہم یہ خبر جھوٹی ثابت ہوئی اور شاہد خان نے جیو نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ انہوں نے ڈیم فند کے لیے ایک ہزار ڈالر عطیہ کیے ہیں۔
بانی فیس بک مارک زکربرگ اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے حوالے سے بھی ایسی ہی خبریں سامنے آئیں۔
مارک زکربرگ کی جانب سے منسوب ایک جعلی ٹوئیٹ میں ڈیم فنڈ کے لیے 5 ملین ڈالر جبکہ بل گیٹس کی جانب سے 3 ملین امریکی ڈالر دینے کا اعلان کیا گیا۔
دوسری جانب سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے بارے میں بھی یہ خبریں پھیلائی گئیں کہ انہوں نے 10 ملین ڈالر کی رقم ڈیم فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے، جو سراسر بے بنیاد نکلیں۔
یہ حقیقت ہے کہ سوشل میڈیا معلومات کی فوری فراہمی کا اہم ذریعہ بن چکا ہے، لیکن کون سی خبر جھوٹی ہے اور کون سی سچی، اس بارے میں معلوم کرنا بھی ہماری ہی ذمہ داری ہے۔