بنی گالہ تجاوزات پر چیف جسٹس کے از خود نوٹس کی سماعت، وزیراعظم کو جُرمانہ کرنے کا عندیہ دے دیا
عمران خان سب سے پہلے اپنا گھر قانونی دھارے میں لائیں ، اور اگر کوئی جُرمانہ بنتا ہے تو ادا کریں۔ چیف جسٹس
بنی گالہ تجاوزات پر چیف جسٹس کے از خود نوٹس کی سماعت، وزیراعظم کو جُرمانہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ یکم اکتوبر 2018ء) : سپریم کورٹ آف پاکستان میں بنی گالہ میں تجاوزات پر از خود نوٹس کی سماعت ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی عدالتی بنچ نے عمران خان کی درخواست پر لئے گئے از خود نوٹس کی سماعت کی ۔دوران سماعت ایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئر رضوی نے عدالت میں علاقے کے سروے کی رپورٹ پیش کی ۔
نیئر رضوی نے عدالت کو بتایا کہ سروے جنرل پاکستان نے کورنگ نالے کا 21 کلومیٹر تک سروے کیا ، نالے کے ساتھ 613 کنال اراضی پر تجاوزات ہیں ۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت میں بتایا کہ سی ڈی اے،، وفاقی محتسب کی رپورٹس اور سروے آف پاکستان کی رپورٹس ایک جیسی ہیں ۔جس پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ تجاوزات کو کیسے ختم کیا جائے؟ انہوں نے کہا کہ بنی گالہ میں تجاوزات اور پانی آلودگی جیسے مسائل بھی ہیں۔
اب نئی حکومت آگئی ہے تونئی حکومت ان معاملات کو حل کرے۔جنہوں نے غیر قانونی تعمیرات کی ہیں ان سے جُرمانے لیے جائیں۔حکومت اپنے جُرمانے بھی ادا کرے اور دوسرے لوگوں سے بھی جُرمانے وصول کرے۔ تجاوزات کی حد تک اس معاملے کو نمٹا دیتے ہیں۔ہمارے پاس یہ درخواست عمران خان لے کر آئے تھے۔ اب درخواست گزار وزیراعظم بن گئے ہیں۔ عمران خان اس وقت وزیراعظم ہیں ، عمران خان نے اسی عدالت عظمٰی کو خط لکھ کر معاملہ پر نوٹس لینے کی استدعا کی تھی، نوٹس لینے پر معلوم ہوا کہ بنی گالہ میں تجاوزات کی بھرمار ہے۔
عمران خان نے بنی گالہ تعمیرات کے حوالے سے کیا اقدامات کیے؟ عمران خان کے وکیل بابراعوان نے عدالت کو بتایا کہ وزیراعظم بنی گالہ کے حوالے سے تین اجلاس منعقد کر چکے ہیں۔ عمران خان کے اپنے گھر کے این او سی کا بھی تنازع تھا۔ عمران خان سب سے پہلے اپنا گھر قانون کے دھارے میں لائیں اور سب سے پہلا جُرمانہ عمران خان کو ہی ادا کرنا ہوگا ۔ اگر ان کی تعمیرات بے قاعدہ ہیں تو اسے بھی باضابطہ کریں۔
کوئی جُرمانہ عائد کرنا ہے تو کریں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ جمعہ تک آگاہ کریں بنی گالہ کے حوالے سے کیا فیصلہ کیا گیا، رواں ہفتے ہی حکم جاری کرکے کیس نمٹا دیں گے۔ نالہ ختم ہوگیا ہے وہاں اب پانی کی بجائے گندگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب حکومت نے ہی ٹھیک کرنا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم حکم دیتے ہیں کہ سارے تجاوزات ہٹائے جائیں۔ ایڈشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ بلو بیگم نے 16 کینال پر تجاوز کیا۔
ایشا ملک ، وقار جمال اور طارق آفریدی نے بھی تجاوزات کی ہیں۔ جس پر عدالت نے بنی گالہ سے گزرنے والے کورنگ نالے کے ساتھ تجاوزات کو گرانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے بنی گالہ میں تعمیرات کو باضابطہ بنانے کے لیے حکومت کو پالیسی بنانے کی بھی ہدایت کی اور کیس کی مزید سماعت ملتوی کر دی۔