ضمنی انتخابات: پہلی بار بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی انتخابی عمل کا حصہ بن گئے

سمندر پار 7،364پاکستانی بطور ووٹرز رجسٹر کیے گئے

 

 

اسلام آباد: ضمنی انتخابات میں پہلی بار سمندر پار پاکستانی بھی حصہ لے رہے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کو انتخابی عمل کا حصہ بنانے کے لیے اقدامات کیے گئے اور انہیں پہلے بطور ووٹر رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی رجسٹریشن یکم ستمبر سے 17 ستمبرتک کی گئی اور وہ اپنی رجسٹریشن زائد المیعاد پاسپورٹ پر بھی کرسکتے تھے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹنگ کےوقت پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہے، ووٹرز کو ووٹر پاس ای میل آئی ڈی مہیا کیا گیا ہے جس کے ذریعے وہ اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔

الیکشن حکام نے بتایا کہ سمندر پار 7،364پاکستانی بطور ووٹرز رجسٹر کیے گئے ہیں جن میں سے اب تک بیرون ملک مقیم 2800 پاکستانی ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سمندرپار پاکستانی اپنا ووٹ پاکستانی وقت کے مطابق ہی کاسٹ کرسکیں گے۔

الیکشن کمیشن نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے سے متعلق طریقہ کار کے لیے ٹاسک فورس کی آئی ووٹنگ رپورٹ ویب سائٹ پر جاری کی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کا مرکزی شکایات سیل کا دورہ

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سردار رضا نے مرکزی شکایات سیل کا دورہ کیا جہاں انہیں ادارے کے ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے بریفنگ دی۔

چیف الیکشن کمشنر کو بتایا گیا کہ اب تک 2800 سمندر پار پاکستانی ووٹ کاسٹ کرچکے ہیں، بلوچستان سے تعلق رکھنے والا صرف ایک سمندر پار پاکستانی کا ووٹ رجسٹرڈ ہوا جس نے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔

ڈی جی نے بتایا کہ بحرین سے پاس کوڈ سے متعلق شکایت ملی جس پر انہیں معلومات فراہم کی گئیں۔

واضح رہےکہ آج قومی اسمبلی کی 11 اورصوبائی کی 24 نشستوں پر ضمنی انتخاباتہورہا ہے۔