پنجاب حکومت کا میٹرو بس کے کرائے پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ

محکم سیاحت نے ڈبل ڈیکر بسوں کے کرایوں میں بھی اضافہ کردیا

لاہور: پنجاب حکومت نے میٹرو بس کے کرائے پر سبسڈی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دور حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں میٹرو بس سروس کا آغاز کیا تھا جب کہ بس کے مسافروں کے لیے پہلے اسٹاپ سے آخری اسٹاپ تک ایک ہی کرایہ رکھا گیا تھا۔

پنجاب کے وزیر خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت کی جانب سے جاری بیان میں میٹرو بسوں کے کرائے پر سبسڈی ختم کرنے کا کہا گیا ہے۔

وزیرخزانہ کا کہناہےکہ لاہور، ملتان اور راولپنڈی کی میٹرو پر سالانہ 12 ارب روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے، اب شاہدرہ سے گجو متہ چلنے والی میٹرو بس کے کرائے اسٹاپ ٹو اسٹاپ مقرر ہوں گے، کرائے ریشنلائز کرنے سے عوام پر بوجھ بھی نہیں پڑے گا اور اس سے حکومتی سبسڈی میں بھی کمی آئے گی۔

وزیر خزانہ مخدوم ہاشم کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چھوٹی امپورٹڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن فیس میں کمی اور بڑی گاڑیوں کی فیس بڑھائی ہے، نوجوانوں کو روزگار دینے کیلئے جامع پروگرام تیار کرلیا ہے، کاشتکاروں کو آسان شرائط پر قرضے دیئے جائیں گے، عوام کو مفت علاج کیلئے ہیلتھ انشورنس کارڈ دیئے جائیں گے۔