پولیس کو دھمکیاں دینے والی خاتون گرفتار

ڈاکٹر شہلا شکیل پر کار سرکار میں مداخلت اور اہلکاروں کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے—۔ویڈیو اسکرین گریب

اسلام آباد: بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی میں ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہونے کی کوشش سے روکنے پر سیکیورٹی اہلکاروں کو دھمکیاں دینے والی خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق ڈاکٹر شہلا شکیل سیٹھی کو پولیس نے اسلام آباد کی سرکاری ہاؤسنگ سوسائٹی سے گرفتار کیا۔

ذرائع کے مطابق شہلا شکیل سیٹھی امریکا میں ڈاکٹر رہی ہیں، جو حال ہی میں وطن آئی ہیں۔

17 اکتوبر کو پیش آنے والے اس واقعے کا مقدمہ ڈپلومیٹک انکلیو کی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسر کی جانب سے تھانہ سیکرٹریٹ میں درج کروایا گیا تھا۔

بغیر نمبر پلیٹ گاڑی میں سوار خاتون کی ڈپلومیٹک انکلیو میں داخل ہونے کی کوشش

مذکورہ پولیس افسر نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ ڈاکٹر شہلا نامی خاتون نے بغیر نمبر پلیٹ والی گاڑی کے ساتھ ڈپلومیٹک انکلیو کے اندر جانے کی کوشش کی اور  روکنے پر پولیس اہلکاروں کے ساتھ نہ صرف بدتمیزی کی بلکہ انہیں گاڑی اوپر چڑھانے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

ڈاکٹر شہلا شکیل پر کارِ سرکار میں مداخلت اور اہلکاروں کو دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس ڈاکٹر شہلا شکیل سیٹھی کو آج ہی ڈیوٹی مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرکے ان کے ریمانڈ کی استدعا کرے گی۔