پاکپتن: سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں پولیس کی وردی میں خاتون کے ساتھ ڈانس کرنے والا شخص اسٹیج اداکار نکلا جبکہ شکل و صورت میں مشابہت کی وجہ سے پاکپتن کے پولیس انسپکٹر کو معطل کردیا گیا۔
ہوا کچھ یوں کہ سوشل میڈیا پر پہلے ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص بھارتی اداکار اجے دیوگن کے اسٹائل میں ڈائیلاگ بولتا ہوا نظر آیا۔ معلوم ہوا کہ اس شخص کا نام ارشد ہے اور وہ ضلع پاکپتن کے تھانہ کلیانہ میں بحیثیت ایس ایچ او تعینات ہے۔
اسٹیج اداکار شہزاد آسی کا کہنا ہے کہ میرا پولیس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور میں اسٹیج اداکار ہوں، گزشتہ روز ڈرامے کی ریہرسل کے دوران کسی نے ویڈیو ریکارڈ کرکے سوشل میڈیا پر وائرل کردی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس قابل احترام ادارہ ہے جس کی عزت کرتے ہیں، پنجاب پولیس یا کسی بھی ادارے سے کوئی تعلق نہیں ہے اور دل آزاری پر معذرت خواہ ہیں۔
دوسری جانب جیو نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو میں معطل ہونے والے انسپکٹر ارشد کا کہنا تھا کہ ڈئیلاگ والی ویڈیو ان کے موبائل میں تھی، جسے ان کے بھتیجے نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردیا۔