سعودی عرب کی تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ منظور، تعلیم کیلئے 193 ارب ریال مختص
سعودی فرماروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مالی سال 20-2019 کے لیے 295 بلین ڈالر بجٹ کی منظوری دے دی۔ فوٹو: فائل
ریاض: سعودی فرماروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے 295 بلین ڈالر بجٹ کی منظوری دے دی جس میں تعلیم کے لئے سب سے زیادہ رقم مختص کی گئی ہے۔
دارالحکومت ریاض میں فرماروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے زیر صدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا جس کے دوران مالی سال 20-2019 کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔
وزیر خزانہ محمد الجدعان نے بجٹ کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ نیا بجٹ مملکت کی تاریخ کا سب سے بڑا ہے، جس کے دوران بجٹ خسارے میں 4 فیصد کمی کے ساتھ 131 ارب ریال تک رہ گیا۔
وزیر خزانہ کے مطابق نئے بجٹ میں سب سے زیادہ ترجیح تعلیم کے شعبے کو دی گئی ہے جس کے لئے 193 ارب ریال مختص کیے گئے ہیں جبکہ عسکری شعبے کے لئے 191 ارب ریال مختص ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ گزشتہ سال 2018 کے مقابلے میں اخراجات میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا اور آمدنی کی مد میں 9 فیصد اضافے کے ساتھ 975 ارب ریال کا تخمینہ لگایا ہے۔