نواز شریف کیخلاف نیب کیسز کے فیصلے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے مشاورتی اجلاس طلب کر لیا

اجلاس میں احتساب عدالت کے فیصلے، موجودہ ملکی سیاسی حالات اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے



اسلام آباد نواز شریف کیخلاف نیب کیسز کے فیصلے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے مشاورتی اجلاس طلب کر لیا، اجلاس میں احتساب عدالت کے فیصلے، موجودہ ملکی سیاسی حالات اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے سے متعلق اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس کے فیصلہ کے تناظر میں تحریک انصاف کے وزراءاور پارٹی راہنماﺅں کا مشاورتی اجلاس آج طلب کر لیا ہے۔

اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر پارٹی بیانیہ اور لائحہ عمل طے ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیراعظم آفس میں ہوگا۔ اجلاس میں فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے سے متعلق مشاورت ہوگی۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان حکومتی پالیسیوں پر راہنماﺅں کو اعتماد میں لیں گے اور مختلف امور پر پارٹی اور حکومت کا نقطہ نظر واضح کریں گے، جبکہ ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومتی کارکردگی پر بھی غور ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی کے ترجمان اور نمائندوں کو بھی طلب کیا گیا ہے تاکہ موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر پارٹی بیانیہ اور لائحہ عمل طے ہو اور قومی میڈیا میں پارٹی موقف کو نمایاں انداز میں پیش کیا جائے۔ وزیراعظم سیاسی صورت حال کے پیش نظر خود ہدایات جاری کریں گے. اجلاس میں وزیراعظم عمران خان حکومتی پالیسیوں پر راہنماﺅں کو اعتماد میں لیں گے، مختلف امور پر پارٹی اور حکومت کا نقطہ نظر واضح کریں گے جبکہ ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومتی کارکردگی پر بھی غور ہوگا۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے پیر کے روز 2 نیب ریفرنسز کے فیصلے سنا دیے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف فلیگ شپ انویسمنٹ ریفرنس میں بری قرار دے دیے گئے جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں سات سال قید کی سزا اور جرمانے کے حقدار ٹھہرے۔ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے قومی احتساب بیورو کی جانب سے دائر ریفرنسز پر 19 دسمبر کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ جبکہ احتساب عدالت کے جج نے سابق وزیر اعظم کی اڈیالہ جیل کی بجائے لاہور جیل منتقل کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے انہیں کوٹ لکھپت جیل منتقل کرنے کی ہدایت بھی کی۔ فیصلے کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ایمانداری سے ملک اور عوام کی خدمت کی ہے میرا ضمیر مطمئن ہے۔