views
بے گھر افراد کے لیے خوشخبری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 اکتوبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے بے گھر افراد کے لیے 50 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا جس پر ابتدائی کام مکمل کر لیا گیا ہے ، رہائشی منصوبے پر ابتدائی کام مکمل ہونے سے بے گھر افراد میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان رواں ہفتے اس منصوبے کا باضابطہ اعلان کریں گے۔
ذرائع کے مطابق منصوبے کے اعلان کے لئے 10 اکتوبر کی تاریخ کی تجویز پیش کی گئی۔ اس حوالے سے وزیراعظم عمران خان پائلٹ پراجیکٹ اور منصوبے کی دیگر تفصیلات جاری کریں گے ۔ وفاق میں ''اپنا گھر'' اتھارٹی کے لئے قانون سازی ہوگی جبکہ مرکز اور چاروں صوبوں میں ''اپنا گھر'' اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اس منصوبے کے اعلان کے بعد بے گھر افراد کی رجسٹریشن کے عمل کا آغاز ہو گا جس کے بعد بے گھر افراد نادرا کی جانب سے جاری کردہ فارم پُر کرکے جمع کروائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے غریب افراد کے لیے 50 لاکھ گھر تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا۔سستا گھر پالیسی کا اعلان وزیراعظم عمران خان خود کریں گے۔ پالیسی کے تحت بڑی شاہراہوں کے ارد گرد نئے شہر آباد ہوں گے۔ حکومت کو ملائشین ماڈل کے گھر تعمیر کرنے کی تجویزپیش کی گئی ہے۔اس پالیسی سے اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری پاکستان آئے گی۔ گھروں کی تقسیم غربت کی لکیر سے نیچے افراد میں ہو گی۔
غریب شہریوں کو بھی 15 سے 20 سال کی اقساط پر گھر ملیں گے۔پالیسی کے تحت ملک بھر میں 3،5 اور 7 مرلے کے گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق چھوٹا گھر دو کمروں پر مشتمل ہو گا، جس کی قیمت 15 لاکھ روپے تک رکھنے کا امکان ہے۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے 50 لاکھ گھر تعمیر کرنے کے منصوبے کا آغاز رواں ماہ سے ہوگا۔ اس منصوبے کے سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کے لندن میں مقیم دوست انیل مسرت حکومت کو معاونت فراہم کررہے ہیں۔50 لاکھ گھر تعمیر کرنے کے منصوبے پر پاک فوج نے بھی حکومت کو تعاون کی پیشکش کی تھی۔
Comments
0 comment