views

یہ کسی مزاحیہ فلم کا منظر لگتا ہے لیکن بیلجیئم میں ای سگریٹ کی دکان کے مالک کے ساتھ حقیقت میں ڈکیتی کا ایسا واقعہ پیش آیا جس نے سب کو ہنسنے پر مجبور کردیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بیلجیئم کے شہر چارلیروئے کے نواح میں ڈیڈیئر نامی ایک شہری کی دکان کو 6 ڈاکو دن دیہاڑے لوٹنے کی غرض سے داخل ہوئے۔
دکاندار نے انھیں کہا کہ بہتر ہوگا کہ وہ دن کے اختتام پر آئیں تب وہ انھیں زیادہ رقم دے سکے گا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈاکو اُس وقت یہ بات مان کر چلے گئے مگر شام کو جب وہ رقم لینے کے لیے واپس آئے تو پولیس ان کی منتظر تھی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لٹیروں کا گروہ دکان میں داخل ہوا اور پھر دکاندار کے سمجھانے پر واپس چلا گیا۔
شام میں جب یہ نالائق ڈاکو واپس آئے تو دکان میں چھپے پولیس اہلکاروں نے انہیں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔
دکان کے مالک ڈیڈیئر نے بی بی سی سے فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ کسی کامیڈی فلم کی طرح تھا‘۔
ڈاکوؤں کا یہ گروہ بیلجیئم کے سب سے نالائق ڈاکوؤں کے طور پر مشہور ہوگیا ہے اور سوشل میڈیا پر لوگ اس حوالے سے دلچسپ تبصرے کرتے نظر آرہے ہیں۔
Comments
0 comment