views
جرمن کمپنیاں پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی خواہشمن

جرمن کمپنیاں پاکستان میں بڑی سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں، جرمن سفیر مارٹِن کوبلر کہتے ہیں کہ جرمن کمپنیاں پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آٹو مینوفیکچرنگ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی 'اے پی پی' کے مطابق مارٹن کوبلر نے وزیر اعظم کے خصوصی معاون برائے اوورسیز پاکستانیوں و انسانی وسائل ذوالفقار عباس بخاری سے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ دلچسپی بالخصوص جرمنی میں پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، بریگزٹ کے بعد جرمنی میں لیبر مارکیٹ کی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے حوالے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق جرمن سفیر کا کہنا ہے کہ وولکس ویگن اور سیمنز جیسی بڑی جرمن کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔

مارٹن کوبلر نے مزید کہا کہ جرمنی کی صنعتوں میں میکاٹرونکس کے ماہرین کی ضرورت بڑھ رہی ہے، جرمن قانون ساز اس سلسلے میں آئندہ سال مارچ میں تارک وطن ورکرز سے متعلق قانون منظور کریں گے۔
ذوالفقار بخاری نے جرمن سفیر کو مطلوبہ تکنیکی ورک فورس فراہم کرنے میں پاکستان کی دلچسپی سے آگاہ کیا، جبکہ دونوں نے پاکستان کی افرادی قوت کو منظم انداز میں جرمنی بھیجنے کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔
Comments
0 comment