views

امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے روس کے ساتھ انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلئیر فورسز ٹریٹی کی منسوخی کا اعلان کیا
امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے معاہدے کی منسوخی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے مکمل تعاون کے باوجود روس کافی عرصے سے ایٹمی معاہدے کی شقوں کی خلاف ورزی کرتا رہا ہے، جس کی وجہ سے سیکڑوں یورپی اور امریکی شہریوں کی زندگیاں خطرے میں پڑ گئیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور سوویت یونین نے 1987 میں ایٹمی ہتھیاروں کے کنٹرول کے معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کا اطلاق جون 1988 سے ہوا تھا۔ اس معاہدے کو انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلئیر فورسز ٹریٹی (آئی این ایف) کہا جاتا ہے۔
اس معاہدے کے تحت درمیانے درجے تک مار کرنے والے ایٹمی میزائلوں کی تنصیب پر پابندی لگائی گئی تھی۔
تاہم امریکا نے حال ہی میں روس کی جانب سے لگائے گئے کروز میزائل ’نو واٹور 9M729' کو اس معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا تھا، لیکن روس نے امریکا کے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے میزائل معاہدے کے اندر رہتے ہوئے لگائے گئے ہیں۔
امریکا نے گذشتہ برس اکتوبر میں بھی واضح کیا تھا کہ وہ یہ معاہدہ پہلے 60 روز کے لیے معطل کرے گا اور اگر اس دوران روس مکمل توثیق پر آمادہ نہ ہوا تو امریکا اس معاہدے سے مکمل طور پر دستبردار ہوجائے گا۔
اس حوالے سے گزشتہ روز امریکہ اور روس کے نمائندوں کے درمیان چین کے دارالحکومت بیجنگ میں مذاکرات بھی ہوئے، تاہم کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ ہوسکی۔
Comments
0 comment