views
نواز شریف اور مریم نواز گرفتاری کے بعد اڈیالہ جیل منتقل
ایون فیلڈ ریفرنس کے کیس میں سزا پانے والے نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو گزشتہ روز وطن واپس پہنچنے پر لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا جس کے بعد انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کےمطابق نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں رکھنے سے متعلق پلان میں تین مرتبہ تبدیلی کی گئی جس کے بعد نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس منتقل کر دیا گیا۔
جیل مینول کے مطابق بی کلاس میں ٹیلی ویژن، اخبار اور بیڈ کی سہولت دی جاتی ہے جب کہ اٹیچ باتھ روم، پنکھا اور ایک مشقتی بھی دیا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو گزشتہ رات اڈیالہ جیل میں ہی رکھا گیا تھا اور انہیں سہالہ ریسٹ ہاؤس منتقل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انہیں خواتین کے سیل میں منتقل کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کا میڈیکل چیک اپ بھی کیا گیا جس میں میدْیکل ٹیموں نے دونوں کو صحت مند قرار دیا۔
دوسری جانب اڈیالہ جیل منتقلی کے بعد میاں نوازشریف کے خلاف ٹرائل جیل میں ہی مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے تھے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں۔
Comments
0 comment