views

عرب میڈیا کے مطابق سعودی ولی عہد کی وزیراعظم عمران خان سے ٹیلیفون پر بات چیت گذشتہ رات ہوئی۔ سعودی عرب ولی عہد نے کشمیر کے معاملے پر وزیراعظم سے تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے کشمیر کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں محمد بن سلمان کو آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے کی مجموعی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ شب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ وزیراعظم نے کشمیر سے متعلق پاکستان کا مؤقف امریکی صدر کے ساتھ بات چیت میں تفصیل کے ساتھ بیان کیا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطے میں بھارتی وزیراعظم کیساتھ ہونیوالی ٹیلیفونک گفتگو کا ذکر کیا اور کہا کہ انہوں نے نریندر مودی کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کو ہر صورت مقدم رکھنے کی بات کی۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک گفتگو میں بھارتی وزیراعظم سے بات کرنے کو کہا اور امریکی صدر کو مودی سرکار کے اقدامات کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ بھی کیا۔
Comments
0 comment