views

مختلف کمپنیز کی جانب سے بنائے گئے اسمارٹ فونز ہماری روزمرہ زندگی کا اہم حصہ بنتے جا رہے ہیں، اسمارٹ فونز میں استعمال ہونے والی ٹیکنالوجی میں بھی آئے روز جدت آتی جا رہی ہے۔ رواں برس بھی اسمارٹ فونز کے چھ نئے ماڈلز لانچ کئے جائیں گے۔

آئی فون 8
آئی فون کی دسویں سالگرہ کے موقع پر ایپل کی جانب سے آئی فون کے ڈیزائن میں بنیادی تبدیلیاں متوقع ہیں۔ اس کے نئے ماڈل میں ایل سی ڈی کی جگہ او ایل ای ڈی استعمال کی جائے گی جس کی بدولت آئی فون کا ڈسپلے کناروں سے نچلی جانب تک پھیل جائیگا۔ واضح رہے کہ سام سنگ گلیکسی ایج میں بھی اسی طرح کی ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔

سام سنگ گلیکسی ایس 8
معروف موبائل ساز ادارہ سام سنگ بھی اس برس گلیکسی ایس سیریز کا نیا ماڈل لانچ کرنے جا رہا ہے۔ گزشتہ برس کمپنی کے نئے ماڈل نوٹ سیون کے لانچ کے فوری بعد اس کی بیٹری کے پھٹنے کی وجہ سے کمپنی کو اس ماڈل کے تمام فونز مارکیٹ سے واپس لینا پڑے تھے اور اس کی وجہ سے کمپنی کی ساکھ کو بھی بہت نقصان پہنچا تھا تاہم اب کمپنی کوشش کر رہی ہے کہ وہ ایس سیریز کے اس نئے ماڈل کی لانچ سے اپنی ساکھ کو بحال کر سکے۔ گلیکسی ایس ایٹ کے نئے ماڈل کی فروری میں موبائل ورلڈ کانگریس میں نمائش متوقع ہے۔ اس موبائل فون میں کمپنی کی جانب سے تیار کردہ پہلا ورچوئل اسسٹنٹ بھی متعارف کرایا جائیگا جسے وی وا نامی کمپنی نے تیار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایس ایٹ میں فور کے ہائی ریزولوشن سکرین اور دوسرا رئیر کیمرہ بھی نصب کیا جا رہا ہے۔

فولڈ ایبل سام سنگ اسمارٹ فون
اس برس سام سنگ فولڈ ایبل اسمارٹ فون بھی متعارف کرانے جا رہا ہے۔ سام سنگ کمپنی طویل عرصے سے ایسے اسمارٹ فون کی تیاری کی کوششیں کر رہی تھی جس کی اسکرین کو فولڈ کیا جا سکے اور ضرورت کے وقت اس فولڈ اسکرین کو اوپن کر کے ٹیبلٹ سائز تک پھیلایا جا سکے۔ سام سنگ نے اس طرح کے سمارٹ فون کا تصور ویڈیو سال 2013 میں پیش کیا تھا ۔ اس وقت سے اب تک سام سنگ اس طرح کے سمارٹ فون کی تیاری کے لئے کوشاں ہے۔
اب امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ رواں برس کے دوران ہی سام سنگ فولڈایبل اسمارٹ فون کو لانچ کر دے گا۔ سام سنگ کی طرح ہی کئی دیگر موبائل ساز اداروں جن میں لینوو، اوپو اور جاپابی ڈسپلے ساز ادارہ جے ڈی آئی نے بھی ڈول اسکرین اور فولڈایبل اسمارٹ فونز تیار کئے ہیں تاہم ان فونز کو ابھی کمرشل بنیادوں پر لانچ نہیں کیا گیا۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ سام سنگ اس میدان میں دیگر کمپنیوں کے مقابلے میں بازی لے جائیگا۔

مائیکرو سافٹ سرفس فون
مائیکرو سافٹ کی چیف ایگزیکٹو کا کہنا ہے کہ مائیکرو سافٹ ایک اعلیٰ موبائل ڈیوائس کی تیاری پر کام کر رہی ہے۔ یہ اسمارٹ فون بھی مائیکرو سافٹ کی لیپ ٹاپ اور پی سی کی سرفس سیریز کا حصہ ہے۔ اس اسمارٹ فون کی لانچ بھی 2017 میں متوقع ہے۔ مائیکروسافٹ سرفس موبائل میٹل باڈی کا حامل ہونے کے ساتھ ساتھ ونڈو ٹین آپریٹنگ سسٹم سے مزین ہو گا اور اس اسمارٹ فون کی سب سے اہم خصوصیت یہ ہے کہ اس سمارٹ فون کو کی بورڈ ماینٹر اور ماؤز سے منسلک کر کے کمپیوٹر کی طرز پر استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔

ایچ ٹی سی واویو ٹو وی آر ہیڈ سیٹ
ایک برس قبل معروف ادارے ایچ ٹی سی نے سمارٹ فونز کی تیاری سے توجہ ہٹاتے ہوئے ورچوئل ریالٹی کے میدان میں جگہ بنانے کے لئے وی آر ہیڈ سیٹ کی تیاری پر توجہ مرکوز کر لی اور اس میدان میں اسے خاصی پزیزائی بھی حاصل ہوئی۔ وی آر واویو کی کامیابی کے بعد اب ایچ ٹی سی واویو کا نیا ماڈل لانچ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس نئے ہیڈ سیٹ پر سے کیبلز کا جال ختم کیا جا رہا ہے اور اس ہیڈ سیٹ کے لئے ایکسیسریز بھی تیار کی جا رہی ہیں جو وائرلیس ہونگی۔

اینڈروائیڈ وئیر اسمارٹ واچز
گزشتہ برس اسمارٹ واچز کی پزیرائی کے حوالے سے زیادہ اچھا نہیں تھا تاہم رواں برس میں نئی اینڈروائیڈ ٹو سمارٹ واچز لانچ ہونے جا رہی ہیں۔ اس نئی اسمارٹ واچ کے ذریعے استعمال کنندگان بلیو ٹوتھ کے ذریعے مختلف ایپلی کیشنز نہ صرف ڈائون لوڈ کر سکیں گے بلکہ انہیں آپریٹ بھی کر سکیں گے۔ یہ گھڑیاں ابھی ڈویلپرز کی جانب سے نظرثانی کے مرحلہ میں ہیں تاہم امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ گھڑیاں 2017 کے دوران ہی لانچ کر دی جائیں گی۔ سماء
Comments
0 comment